لکھنؤ،17؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوپی میں محکمہ صحت کے تمام ڈاکٹروں، افسروں اور ملازمین کی تعطیلات منسوخ کردی گئی ہیں - اترپردیش حکومت نے یہ فیصلہ اس ماہ میں شروع ہونے والی کورونا ویکسی نیشن کے عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے- ڈائریکٹر جنرل آف میڈیکل ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر کے جاری کردہ ایک حکمنامہ میں 31 جنوری تک تمام قسم کی تعطیلات منسوخ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے-
یوپی میں کورونا ویکسین کے ذخیرہ کیلئے مکمل تیاریوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے- فی الحال تقریبا ً80 ہزار لیٹر ویکسین رکھنے کی گنجائش موجود ہے- لیکن کورونا ویکسین کی آمد کے ساتھ ہی 1.23 لاکھ لیٹر ویکسین رکھی جارہی ہے اور اس کا انتظام کیا جارہا ہے- اس طرح یوپی میں کل 2.03 لاکھ لیٹر ویکسین کا دسمبر تک انتظام کیا جائے گا- خیا ل رہے کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز اور بوڑھوں سمیت چار کروڑ لوگوں کو کورونا ویکسین کی خوراک دینے کی تیاری کی جارہی ہے-وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ جیسے ہی یوپی میں کورونا ویکسین پہنچے گا، ویکسی نیشن کی تیاری کی جا ئے گی- وزیراعلیٰ کی ہدایات کے بعد ریاست کے تمام 75/ اضلاع میں اس کا مکمل انتظام کرلیا گیا ہے-یوپی میں 17 ہزار اہلکار ویکسی نیشن کیلئے مصروف عمل ہوں گے-ایڈیشنل چیف سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلتھ امیت موہن پرساد کے مطابق کورونا ویکسین کو ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ، ویکسین کے ہدف والے گروپوں کو لگانے کے انتظامات بھی کیے جارہے ہیں - اس کے علاوہ ویکسین کے لئے لوگوں کو تکنیک کی تربیت کا کام بھی کیا جارہا ہے-